کویت سٹی (پی این آئی) کویتی کابینہ کے تمام وزراء مستعفی، استعفے وزیر اعظم کو پیش کر دیے، ایک ماہ قبل ہی خلیجی ملک میں نئی حکومت تشکیل پائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق خلیج ملک کویت اپنی تاریخ کے بڑے سیاسی بحران کا شکار ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کویتی وزیراعظم شیخ صبح الخالد الصبح کیخلاف کابینہ
کے تمام وزراء نے بغاوت کرتے ہوئے استعفے دے دیے ہیں۔کویتی وزیراعظم کو تمام وزراء کے استعفے موصول ہو چکے، جنہیں وہ منظوری کیلئے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے پاس بھجوائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزراء نے حکومت اور پارلیمنٹ کے درمیان اختلافات کی وجہ سے استعفے دیے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کویت کے پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہوا تھا۔پچاس ارکان پر مشتمل نئی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی نشستوں کی تعداد بڑھ گئی جبکہ سابقہ اسمبلی کے دو تہائی ارکان اپنی نشستیں ہار گئے۔اسمبلی میں حزب اختلاف کی نشستیں بڑھنے کی وجہ سے ہی حکومت اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ کویتی وزیراعظم کو رواں ماہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں سوال جواب کیلئے بھی طلب کیا گیا ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے ایک فرمان کے ذریعے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت تشکیل دی تھی۔ امیر کویت کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی کابینہ میں شیخ حمد جابرالعلی الصباح کو نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع، محمد عبداللطیف الفارس کو تیل ، بجلی اور پانی کا وزیر مقرر ، شیخ احمد ناصر الصباح کو دوبارہ وزیر خارجہ، خلیفہ حمادہ نئی کابینہ میں وزیر خزانہ ، شیخ ثامر علی صباح السالم الصباح کو وزیر داخلہ اور نواف الیاسین کو وزیر انصاف، ڈاکٹر رنا عبداللہ عبدالرحمان الفارس کو دوبارہ تعمیرات عامہ اور مکانات کی وزیر مملکت مقرر کیا گیا تھا۔کویتی کابینہ کے تمام وزراء مستعفی، استعفے وزیر اعظم کو پیش کر دیے، ایک ماہ قبل ہی خلیجی ملک میں نئی حکومت تشکیل پائی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں