عمان (پی این آئی) عمان حکومت نے کورونا وباء پھیلنے کے خدشے کے باعث مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، لاک ڈاؤن کا اطلاق 11اکتوبر تا 24 اکتوبر ہوگا، لاک ڈاؤن کے دوران تمام پبلک و تفریحی مقامات اور ریٹیل سٹورز بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمان میں کورونا وباء کی دوسری لہر کے باعث دوبارہ لاک
ڈاؤن عائد کردیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ عمانی کمیٹی برائے انسداد کورونا نے مملکت میں یومیہ کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھ کر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کی سفارشات پرعمانی وزارت صحت نے 11اکتوبر تا 24 اکتوبر تک لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے اوقات کار رات8 بجے سے صبح 5 بجے تک کیلئے ہوں گے۔ لاک ڈاؤن کے دوران تمام پبلک و تفریحی اور ساحلی مقامات اور ریٹیل سٹورز بند رہیں گے۔عمان میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت سے بچنے کیلئے ایس اوپیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عمان میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار129 ہوچکی ہے۔ جبکہ اموات کی تعداد 1000 تک پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے بعض ممالک کو کورونا وباء کی دوسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں یومیہ کیسز اور اموات کی شرح کنٹرول میں ہے۔سعودی حکومت نے کورونا کیسز میں غیرمعمولی کمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں اور لوگوں کی آمدورفت سمیت عمرہ کی ادائیگی کیلئے پابندی ہٹا دی ہے۔ اسی طرح باقی ممالک میں بھی مرحلہ کاروباری سرگرمیاں بحال کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے علاقوں میں مکمل ڈاؤن کی بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر فوکس کیا جارہا ہے۔ اسی طرح عالمی سطح پر کورونا کی صورتحال کو دیکھیں توامریکی میڈیا کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں پہلے، بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں اب تک کورونا وائرس سے 1066984 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 36763783 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 8022331 ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں