پڑوسی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد ایک لاکھ تک جا پہنچی، دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا

نئی دہلی (پی این آئی) بھارت دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا کیسز والے ممالک میں دوسرے نمبر پر آگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی جس کے بعد بھارت نے دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے ملک برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔بھارت میں

کورونا کے روزانہ ریکارڈ 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں دوسرے روز مسلسل 90 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے 1016 افراد ہلاک ہوئے۔بھارت میں اس وقت کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے اور 32 لاکھ سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 71 ہزار 600 سے زائد افراد اب تک کورونا سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کاکہنا ہے کہ بھارت میں مسلسل ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، تامل ناڈو، کرناٹکا اور اترپردیش کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ملک بھر میں میٹرو سروس کی بحالی کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے اور اب تک 8 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں امریکا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد 62 لاکھ سے زائد ہے اور ہلاکتیں ایک لاکھ 93 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔امریکا اور بھارت کے بعد کورونا سے متاثرہ ممالک میں برازیل کا تیسرا، روس کا چوتھا اور پیرو کا پانچواں نمبر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں