اہم ترین عرب ملک نے اسرائیلی طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا

کویت (پی این آئی) کویت نے اسرائیلی طیاروں کو فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، کویتی حکام کے مطابق کوئی بھی اسرائیلی طیارہ کبھی ہماری فضائی حدود استعمال نہیں کر سکتا، متحدہ عرب امارات کی پروازوں کیلئے ہمارے ملک کا فضائی روٹ استعمال نہیں ہوتا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے

مڈل ایسٹ مانیٹر کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کویت کے حکام نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی مسافر طیاروں کو اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔رپورٹ کے مطابق ایک کویتی اخبار نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کویت کبھی بھی اسرائیل کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان پروازوں کیلئے کویت کی فضائی حدود کے استعمال کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔کویت متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان پروازوں کے روٹ سے کہیں دور واقع ہے۔جبکہ میڈیا میں چلنی والی ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ کویت نے اسرائیل کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ تعلقات بحالی کے بعد متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان پروازوں کی آمد و رفت کا بھی آغاز ہوا ہے۔ جبکہ سعودی عرب نے اسرائیل کی پروازوں کیلئے تمام ممالک کو سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔تاہم سعودی حکومت نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ متحدہ عرب امارات اور دوسرے پڑوسی ملکوں کے درمیان فضائی سروس کے لیے سعودی عرب کی فضا کے استعمال کی اجازت دینا مملکت کے قضیہ فلسطین سے متعلق موقف میں تبدیلی نہیں۔ سعودی عرب خطے میں دیر پا قیام امن کے لیے ہونے والی تمام مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور آج بھی عرب امن فارمولے پر قائم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close