افغانستان سے پاکستان اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی چرس پکڑی گئی، اسمگلر فرار

چمن (پی این آئی)افغانستان سے پاکستان اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی چرس پکڑی گئی، اسمگلر فرار، ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان چرس کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔کراچی کسٹمز ہاؤس سے

جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمینٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ کو ملنے والی خفیہ اطلاع ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی نگرانی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والی مال بردار گاڑیوں کی خصوصی نگرانی شروع کی۔ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ رات کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وہیلر ٹرک کو روکنے کا اشارہ دیا تو ٹرک ڈرائیور اور اس میں سوار نامعلوم ملزمان ٹرک لے کر فرار ہوگئے۔ترجمان کے مطابق تعاقب کرنے پر ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلہ پر روک کر رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔کسٹمز نے ٹرک کو تحویل میں لے کر مکمل تلاشی لی توٹرک میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانوں سے اعلی قسم کی لگ بھگ ایک ٹن چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کےخلاف کسٹم اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں