کورونا وبا کے دوران مسلمانوں کی میتیں جلانےکا معاملہ ، سری لنکا میں مسلمانوں نے انصاف کی خاطر بڑا اقدام اٹھا لیا

کولمبو(پی این آئی)سری لنکا میں کورونا وائرس کی وبا کی آڑ میں مسلمانوں کی میتیں جلانے کی مسلم کمیونٹی نے شدید مذمت کی ہے اور ملکی سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔بی بی سی کے مطابق مسلم کمیونٹی کا موقف ہے کہ ان کے ساتھ وبا کی آڑ میں امتیازی سلوک برتا جارہاہے۔ اسلام میں لاش کو جلانے کی

ممانعت ہے اور حکام ان کے حقوق سلب کرتے ہوئے لاشوں کو جلانے پر زور دے رہے ہیں حالانکہ کورونا وائرس سے وفات پانے والے افراد کی لاشوں کو دفنایا جا سکتا ہے۔سری لنکاکی مسلم کمیونٹی نے اسی حوالے سے ملک کی سپریم کورٹ میں پٹیشن جمع کرا دی ہے اور اس کی سماعت 13 جولائی سے شروع ہوگی۔سری لنکا میں رہنے والے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال اپریل میں ایسٹر کے موقع پر ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد سے انھیں منفی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔دوسری طرف سری لنکا میں صحت کے سب سے اہم عہدے دار ڈاکٹر سگاتھ سماراویرا نے عالمی ادارے کی جانب سے تدفین کی اجازت دیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’عالمی ادارہ صحت پوری دنیا کے لیے تجاویز دیتا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انھیں اپنے مقامی حالات کی پیش نظر ڈھالیں۔‘ اعلیٰ عہدے پر فائز ڈاکٹر سماراویرا کا کہنا ہے کہ حکومت صحت کے ماہرین کی تجاویز کے مطابق فیصلے لے رہی ہے اور ان میں کسی مذہب کی مخالفت کا عنصر شامل نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close