سعودی عرب کا واحد علاقہ جہاں ہزاروں کی آبادی ہونے کے باوجود کورونا کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا

ریاض(پی این آئی) سعودی مملکت میں کورنا مریضوں کی گنتی 1لاکھ 80ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ ایک ہزار کے لگ بھگ اموات بھی ہو چکی ہیں۔ سعودی عرب کے تقریباً تمام علاقے کورونا کی لپیٹ میں ہے، مگر حیرت انگیز طور پر ایک علاقہ ایسا ہے جہاں اب تک کوئی بھی کورونا کا کیس سامنے نہیں آیا۔ سبق

ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی ھروب کمشنری جس کی آبادی 75 ہزار سے زائد ہے، ابھی تک کورونا کی وبا سے محفوظ ہے۔18 ہزار مربع کلو میٹر پر پھیلا یہ علاقہ جازان شہر سے 100 کلو میٹر دُور مشرق میں واقع ہے۔ حالانکہ جازان کی باقی تمام کمشنریوں میں کورونا کے 2,262 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن کے باعث 23 اموات بھی ہوئی ہیں۔ 1,652 افراد صحت یاب ہو گئے، جبکہ 587 ابھی اسپتالوں میں زیر علاج ہے، اس کے باوجود ھروب کمشنری میں ایک بھی مریض کا سامنے نہ آنا خاصی حیرت کی بات ہے۔جازان میں گزشتہ روز بھی کورونا کے 92 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گلف نیوز کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مدینہ منورہ کے ریجن میں کورونا کے تمام مریض صحت یاب ہو گئے ہیں اور فی الحال کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔ اس طرح مدینہ منورہ کا تمام ریجن اس وقت کورونا سے پاک ہو گیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ مدینہ ریجن میں کورونا کا آخری مریض العیس میں سامنے آیا تھا، جو اب صحت یاب ہو گیا ہے۔العیس میں پہلا مریض مارچ کے مہینے میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد اس علاقے کے مزید 13افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ یہ تمام افراد کورونا سے صحت یاب ہو گئے۔ جس کے بعد مدینہ منورہ کو کورونا سے محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔ مدینہ منورہ کے کورونا سے محفوظ ہو جانے کی خبر پر مدینہ ریجن میں بسنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھی بہت خوشی کا اظہار کیا گیا اوررب کے حضور دُعا کی گئی کہ تمام سعودی مملکت کو بھی جلد از جلد کورونا سے پاک کر دے، تاکہ حرمین شریفین کی رونقیں بحال ہو سکے۔

close