جہاں لاک ڈائون میں نرمی میں جلدی کی گئی وہاں کورونا کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا

نیویارک(پی این آئی) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے جب کہ وہ ممالک جہاں وبا کے پھیلاؤمیں کمی آنے یا معاشی مشکلات کے باعث لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی وہاں ایک مرتبہ پھر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں . امریکی نشریاتی ادارے نے ایک متضاد رپورٹ شائع کی

ہے جوکہ برطانوی ذرائع ابلاغ ‘عالمی ادارہ صحت اور مختلف ممالک کی رپورٹس کے برعکس ہے رپورٹ میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم پر طنزکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن آرڈرن نے دو ہفتے قبل ہی کرونا وائرس کو شکست دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہر قسم کی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا لیکن ایک مرتبہ پھر وہاں یہ وبا پھیلنا شروع ہو گئی ہے‘نیوزی لینڈ میں پیر کو مزید2 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وبا سے متاثرہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے‘حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے تمام افراد وہ ہیں جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے وطن پہنچے ہیں جب کہ انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے ‘نیوزی لینڈ کے حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مقامی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ نے بحری جہازوں اور سیاحوں پر پابندی فی الحال برقراررکھنے کا فیصلہ کیا ہے.چین میں بھی کرونا وائرس کے نئے کیسز تھم گئے تھے لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دارالحکومت بیجنگ سمیت دیگر شہروں سے نئے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں بیجنگ میں متاثرہ علاقے ایک مرتبہ پھر سیل کیے جا رہے ہیں جبکہ سکول اور ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہیں‘چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ مزید 18 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس طرح کرونا سے متاثرہ 89 افراد کا علاج کیا جا رہا ہے جب کہ کرونا کے مشکوک 129 مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے.پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جا رہا ہے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کو سیل کیا گیا ہے. بھارت کی ریاست تمل ناڈو کے شہر چنئی اور تین اضلاع میں 30 جون تک کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے‘حکام کا کہنا ہے کہ بعض بندشوں میں نرمی کے ساتھ ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے‘آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں بھی نئے کیسز سامنے آنے پر ایک مرتبہ پھر بڑے مجمعے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے.حکام نے گھروں میں پانچ افراد سے زیادہ اور عوامی مقامات پر دس افراد سے زیادہ کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے میبلرن شہر کی چھ میونسپلٹیز کو ”نو گو زون“ قرار دیا گیا ہے وفاقی محکمہ صحت کے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ میلبرن کی چھ میونسپلٹیز میں نہ جائیں اور وہاں مقیم افراد اپنے علاقے سے باہر نہ نکلیں.ادھرجنوبی کوریا میں بھی مزید 17 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ایک ماہ کے دوران ایک دن میں رپورٹ ہوںے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد جنوبی کوریا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے نئے ویزوں پر پابندی عائد کر دی ہے. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم نے بھی ایک بار پھر ملک میں لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے اسرائیل میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 20 ہزار ہو گئی ہے جس کے بعد وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر ماسک پہننے اور سماجی دوری کی احتیاط پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو نہ چاہتے ہوئے لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close