کورونا وائرس کو تیزی سے شکست ، سعودی عرب میں ایک لاکھ سے زائد مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ، ایکٹو کیسز کی تعداد کتنی رہ گئی؟

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب کورونا کیسز کی یومیہ تعداد میں کمی اور صحتیاب مریضوں کا تناسب بڑھ گیا ہے، سعودی عرب میں 1 لاکھ سے زائد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں، جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد56 ہزار 482رہ گئی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 3ہزار

379 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ57 ہزار612 تک پہنچ گئی ہے۔سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مثبت اور تشویشناک حالت میں مبتلا 37 مریض انتقال کرگئے ہیں، جس سے مملکت میں اموات کی مجموعی تعداد 1267 ہوچکی ہے۔اسی طرح مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 2213 مریض مکمل صحت یاب ہوئے ہیں۔ جس سے کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد1 لاکھ 1 ہزار130ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اگرچہ کرفیو اور لاک ڈاون ختم کیا جارہا ہے تاہم احتیاطی تدابیر کو کسی بھی حالت میں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد لازمی ہے جبکہ ماسک یا منہ و ناک کو ڈھانپنا بھی لازمی ہے علاوہ ازیں ہاتھوں کی صفائی کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔ واضح رہے سعودی حکومت نے کورونا وباء کے باعث کاروباری اور معاشی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں بھی آج سے اٹھا لی ہیں۔ سعودی عرب میں لاک ڈاؤن آج 21 جون صبح 6 بجے سے ہٹا دیا گیا ہے۔جس کے ساتھ ہی معمولات زندگی، دفاترز، کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کی 24 گھنٹے اجازت ہوگی۔ اسی طرح ہوٹل بھی کھول دیے جائیں گے۔ تاہم بین الاقوامی پروازوں، باربر شاپس، اور سیلون پر پابندی برقرار رہے گی۔ حکومت کی قائم کردہ کمیٹی انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال کرنے پر نظرثانی کرے گی۔ تب تک بین الاقوامی سفری پابندیاں، زمینی بارڈز اور سمندری حدود مزید احکامات تک بند رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close