برطانیہ (پی این آئی) کورونا کی دوسری لہر سے کیسے بچا سکتا ہے؟ سائنسدانوں کی نئی تحقیق سامنے آگئی برطانوی سائنسدان کی شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کی آنے والی دوسری اور تیسری لہر سے بچنے کے لئے فیس ماسک استعمال کرنا لازمی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے
کہ تمام لوگوں کے فیس ماسک پہننے سے وائرس کا پھیلاؤ بہت زیادہ حد تک ختم ہو جاتا ہے اور ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے ساتھ معیشت کو بھی دوبارہ کھولاجا سکتا ہے۔لیکن ان تمام اقدامات کے لئے ضروری ہے کہ پہلے ایک مرتبہ مکمل لاک ڈاؤن کر دیا جائے جس کے بعد لوگوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ شائع ہونے والی تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ گھر میں بنائے جانے والے ماسک کو بھی اس مقصد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ دسمبر میں چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔عالمی وبا کے پھیلتے ہی بیشتر ممالک نے لاک ڈاؤن کر دیا تھا لیکن اب مختلف ممالک کی جانب سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے۔ محققین کی جانب سے بار بار خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ابھی لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کی جائے، ہمیں اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تا ہم اب برطانوی سائنسدان کی تحقیق میں کورونا کی دوسری اور تیسری لہر سے بچنے کے لئے فیس ماسک کے استعمال اور لاک ڈاؤن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک دنیا بھر میں 77 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 4 لاکھ 28 ہزار سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں