بدھ کے روز سے رات 8بجے سے صبح 6 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا

دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں بدھ کے روز سے رات 8بجے سے صبح 6 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں رات کے اوقات میں لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی ہے اور 20مئی سے رات 8بجے سے صبح 6بجے تک لاک ڈاؤن ہوگا البتہ فارمیسیز اور سپرمارکیٹس

24گھنٹے کھلی رہیں گی۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 832کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے مزید 6 مریض دم توڑ گئے، اس طرح امارات میں کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 224 تک جا پہنچی ہے۔دوسری جانب کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 1065 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 9ہزار577 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق امارات میں لاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے 5750 بستروں پر مشتمل 15 فیلڈ ہسپتال کام کر رہے ہیں۔الامارات الیوم کے مطابق ایمرجنسی امور کی کمیٹی نے بتایا ہے کہ ابوظہبی میں 4 نئے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جس سے مہلک وائرس سے متاثرین کو طبی سہو لیات فراہم کرنے والے فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے. جن میں سے 8 ابوظبی، 2 دبئی جبکہ شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، ام القوین اور الفجیرہ میں ایک، ایک ہسپتال ہے۔ ایمرجنسی کمیٹی نے بتایا کہ کورونا کی وبا سے احسن شکل میں نمٹنے کے لیے المفرق، مصفح، العین، الظفر میں ہزار بستروں پر مشتمل نئے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں 550 انتہائی نگہداشت کے یونٹس ، سو ڈاکٹر، 250 نرس اور 250 دفتری کارکن ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں