ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت محنت و افرادی قوت کی جانب سے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو 22 رمضان المبارک (بروز جمعرات) سے لے کر7شوال (اتوار)
تک عید کی تعطیلات دی گئی ہیں، جن کی گنتی 17 روز کی بنتی ہے۔اس طرح سرکاری ملازمین 8 جون کو دوبارہ دفاتر میں جائیں گے۔ جبکہ نجی اداروں کے ملازمین کو قانون محنت کے مطابق عید الفطر کی چارچھُٹیاں دی گئی ہیں۔ نجی کارکنان 29 رمضان المبارک کو ڈیوٹی ادا کریں گے، اس کے بعد وہ اگلے چار دِن عید کی چھُٹیاں منائیں گے۔ وزارت محنت نے واضح کیا ہے کہ قانون محنت کی دفعہ 112 کے تحت تمام نجی اداروں کے ملازمین کو عید سمیت دیگر تقریبات کے موقع پر تنخواہ سمیت چھُٹیاں دی جاتی ہیں ۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں بھی عید الفطر کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین و محکموں سے متعلق وفاقی ادارے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس بار تمام سرکاری ملازمین کو عید الفطر کے موقع پر پانچ چھُٹیاں دی جا رہی ہیں۔ ملازمین کی پہلی چھُٹی 29 رمضان المبارک سے شروع ہو گی جو کہ 3 شوال تک جاری رہیں گی۔ اس طرح ملازمین مسلسل پانچ دِن تک عید الفطر کی چھُٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال عید الفطر کے موقع پر اماراتی حکومت نے سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کو برابر چھُٹیاں دی تھیں،جس کا نجی شعبے کے ملازمین کی جانب سے بہت خیر مقدم کیا گیا تھا۔ اس بار بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین کو بھی سرکاری ملازمین کی طرح پانچ چھُٹیاں دی جا سکتی ہیں۔ تاہم نجی ملازمین کی چھُٹیوں کے حوالے سے اماراتی حکومت اگلے چند روز میں الگ سرکلر جاری کرے گی۔ عید الفطر کے دِن کاسرکاری طور پر اعلان اعلان 29 رمضان المبارک کو چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ اس بار رمضان المبارک کا 29 واں روزہ 22 مئی بروز جمعة المبارک ہو گا۔ ماہر ین فلکیات کے مطابق 3 شوال 26 مئی 2020ء کو ہو گی۔ ایسی صورت میں سرکاری ملازمین جمعہ سے لے کر منگل تک پانچ چھُٹیوں سے خوب لُطف اُٹھائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں