13مئی سے ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ ،لاک ڈائون میں مزیدنرمی کر دی گئی

دُبئی(پی این آئی) لاک ڈاون پابندیوں میں مزید نرمی کے تحت دبئی ٹرام سروس بھی بحال کر دی گئی، ٹرانسپورٹ سروس کل 13 مئی بروز بدھ سے دوبارہ بحال ہو جائے گی، مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران لاک ڈاون

پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ اسی فیصلے کے تحت دبئی میٹرو اور ٹیکسی سروس دوبارہ بحال کی جا چکی ہیں۔جبکہ اب دبئی ٹرام سروس کی بحالی کا بھی اعلان کیا ہے۔دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق ٹرام سروس ہفتے سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک چلے گی۔ جبکہ جمعہ کے روز صبح 10 سے رات 11 بجے تک چلے گی۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے اسٹیشنز پر آدھا گھنٹہ قبل آئیں، جبکہ چہرے پر ماسک اور ہاتھوں پر دستانوں کا استعمال بھی کیا جائے۔ٹرام میں سوار ہونے کے بعد دوسرے مسافروں سے مناسب فاصلہ بھی برقرار رکھا جائے۔ دوسری جانب متحد عرب امارات میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔اس کے علاوہ چھ ماہ تک کی سزا بھی بُھگتنا ہو گی۔ اماراتی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق نیشنل سیفٹی سے متعلق نیا قانون لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی حکومتی مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ اس قانون کا اطلاق تمام قسم کی ہنگامی صورت حال، بحرانی کیفیت اور آفات سے جنم لینے والے حالات پرہو گا، جن کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کا نیشنل ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے احکامات اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close