نیویارک(پی این آئی)امریکی ریاست نیویارک کے گورنراینڈریو کومو نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے منسلک ایک پراسرار اور نایاب بیماری سامنے آئی ہے جس کا شکار کم سن بچے ہیں۔انہوں نے افسوسناک خبربتاتے ہوئے کہا کہ اس بیماری کی وجہ سے نیویارک میں تین بچے لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔ان تینوں میں
کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ہفتے کو پریس بریفنگ کے دوران اینڈریو کومو نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری کی علامات میں زہر پھیلنا، (ٹاکسک شاک) اور رگوں کی سوجن شامل ہیں جس سے دل کو مہلک نقصان پہنچتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تین بچے اب تک ان علامات سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ان کا کورونا وائرس یا اس جیسی اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکام ایسے مزید 73 معاملات کی پڑتال کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ عام طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ بچے کووِڈ-19 سے متاثر نہیں ہوتے تاہم یہ پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ وبا کا خطرہ نہایت کم عمر افراد میں بھی موجود ہے۔سائنسدان اب بھی یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا یہ عارضہ کورونا وائرس سے منسلک ہے یا نہیں، کیونکہ اس سے متاثر بچوں میں سے کئی ایسے ہیں جن کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ اس سے قبل برطانیہ میں بھی کاواساکی بیماری کے کچھ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ان میں بھی بچوں کو رگوں کی سوجن جیسی پریشان کن علامات سہنا پڑی ۔ جبکہ کچھ بچے انتقال بھی کرگئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں