ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں کورونا کےمزید 1322مریض صحتیاب ہوگئے، مزید 10مریض جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 35ہزار432 ہوگئی ہے۔ آج مملکت میں مزید 10مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 229ہوگئی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کے مطابق مزید 1322مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9ہزار120ہوگئی ہے۔وزارت اسلامی امور نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 22 ہزار 119 مساجد میں کورونا سے حفاظت کے لیے سینیٹائزیشن کی ہے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ اور جماعت سے نماز پر پابندی عائد ہے۔وزارت اسلامی امور نے پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 22 ہزار 119 مساجد میں سینیٹائزیشن کر دی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 13395 مساجد کو سینیٹائز کیا جائے گا ۔اس ضمن میں 697500 مربع میٹر قالین، 26790000، قرآن کریم کے نسخوں کو بھی سینیٹائز کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ سعودی عرب کے تمام صوبوں کمشنریوں اور تحصیلوں میں موجود مساجد کی صفائی، سینیٹائزنگ اور اصلاح و مرمت کا کام انجام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر داخلہ نے احتیاطی تدابیرکی خلاف ورزی کے ضابطوں اور سزاؤں کی منظوری دے دی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ان ضابطوں میں اجتماعات سے مراد 5 یا اس سے زیادہ افراد کا ایک جگہ جمع ہونے پر 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا ہو گی۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کی جارہی ہے خواہ اس کا تعلق خاندان سے ہو یا غیر خاندان سے، گھروں میں ہو یا گیسٹ ہاؤس یا کھلے مقامات، تقریبات، تعزیت یا گپ شپ کی مجلس ہو سب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وازرت نے مزید کہا کہ خاندانی اجتماعات جہاں ایک سے زیادہ خاندان ایک جگہ جمع ہوں اور جن کے درمیان رہائشی تعلق نہ ہو اس پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں