وشاکاپٹنم( پی این آئی)بھارت میں کیمیکل پلانٹ میں خرابی، گیس لیک ہونے سے بچوں، بوڑھوں سمیت 10 ہلاک، 5 ہزار کو سانس لینے میں تکلیف، بھارتی شہر وشاکاپٹنم میں کیمکل پلانٹ سے گیس لیکج کے باعث 10 افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست آندرا پردیش کے
شہر وشاکاپٹنم میں رات کے 3 بجے ایک کیمیکل پلانٹ سے گیس لیکج ہوئی جس کے باعث مقامی لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا بعد ازاں دم گھٹنے کے باعث 10 افراد ہلاک ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 بزرگ اور ایک 8 سالہ بچی بھی شامل ہے، اس کے علاوہ کمپنی کے اطراف میں تقریباً 3 کلو میٹر کے دائرے میں 5 ہزار سے زائد لوگ اس گیس لیکج سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 800 سے زائد لوگوں کو شہر کے مختلف سرکاری اور پرائیوٹ اسپتالوں میں پہنچایا۔ڈاکٹرز کے مطابق زیادہ تر لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جنہیں فوری طور پر آگسیجن فراہم کی گئی اور سیکڑوں لوگ اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں اور دیگر کو طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ مزید ہلاکتوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔پولیس کے مطابق کمپنی سے اسٹائرین گیس لیک ہوئی جو انسانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہوتی ہے اور ہمیں جیسے ہی گیس لیکج کی اطلاع ملی تو پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو وہاں سے نکالنا شروع کردیا ہے تاہم گیس کے اخراج کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں