‏بڑی پیش رفت، آکسفورڈ یونیورسٹی میں کروناویکسین تیار، انسانوں پر تجربہ شروع

برطانیہ(پی این آئی) جمعرات 23 اپریل سے کورونا وائرس کی ویکسین کا تجربہ انسانوں پر کرنے جارہا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے بتایا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکیسن کی انسانوں پر آزمائش آج جمعرات سے شروع ہورہی ہے

جو کہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔اس ’’ChAdOx1 nCoV-19‘‘ نامی کرونا ویکسین کو 510 رضاکاروں پر آزمایہ جائے گا، ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 112 افراد پر مشتمل گروہ تشکیل دیا گیا جس میں 18 سے 55 عمر کے شہری شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ویکسین کی کامیابی کی صورت میں یہ دنیا میں پہلی برطانوی ساختہ ویکسین ہوگی جس سے متعلق پوری دنیا نے امیدیں باندھ رکھی ہیں، مذکورہ ویکسین دنیا کو لاک ڈاؤن سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔کورونا وائرس کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کیلئے 2 کروڑ پاؤنڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ امپیریئل کالج آف لندن کیلئے بھی 2 کروڑ 25 لاکھ پاؤنڈز کے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔میٹ ہین کاک نے کہا کہ عام حالات میں ایک ویکسین کو تیار کرنے میں کئی سال لگتے ہیں لہٰذا اس حوالے سے اب تک جو کام کیا گیا ہمیں اس پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں لگے گا کہ یہ ویکسین انسانوں پر اثر کررہی ہے ہم فوری طور پر اسے برطانوی شہریوں تک پہنچائیں گے اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر ویکسین کی تیاری پر بھی بھاری سرمایہ خرچ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں