ماسکو(پی این آئی) ترک خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 4 ہزار 268 کیسز اور 44 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 47 ہزار 121 ہو چکی ہے جب کہ اموات کی کل تعداد 405 ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو سے سب سے زیادہ
کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں اب تک 25 ہزار 350 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔اسپین میں بھی کورونا نے مضبوط پنجے گاڑھ لیے ہیں جہاں صرف ایک دن کے دوران ڈیڑھ ہزار کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب ہے۔اسی طرح بیلجیم میں بھی اچانک ڈیڑھ ہزار کے قریب کورونا کے کیسز رپورٹ کیے گئے جس سے مریضوں کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 145 افراد انتقال کر جانے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 828 ہے۔ اٹلی میں کورونا کے کیسز تھمنے کا نام نہیں لے رہے، نئے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 23 ہزار 660 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 78 ہزار 972 مصدقہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ جرمنی میں بھی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔امریکا دو ہفتوں سے بدستور کورونا کے کیسز میں دنیا بھر میں سرفہرست ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 64 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور جزائر تک پھیل چکا ہے اور عالمگیر وبا سے اب تک 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 6 لاکھ 33 ہزار 391 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں