کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے امت مسلمہ کوکیا حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے؟امام کعبہ نے عالم اسلام کے نام اہم پیغام جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی) عوام الناس حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ رجوع الی اللہ ، استغفار و توبہ کے ساتھ احتیاطی تدابیر سے ہی کرونا کی وبا پر مکمل قابو پایا جاسکتا ہے۔ مصافحہ نہ کرنا ، اجتماعات سے دور رہنا ،نماز اور مساجد کے حوالے سے علماء و مفتیان کی طرف سے ہدایات پر

عمل کرنا واجب ہے، گھروں میں موجود رہ کر ذکر اذکار اور قرآن کریم کی تلاوت کرنا ، کرونا کی وبا سے محفوظ رہنے کی تدابیر میں شامل ہے۔ یہ بات امام حرمین شریفین الشیخ عبدالرحمٰن السدیس ، قاضی القضاہ فلسطین محمود الحباش، شیخ الازہر الشیخ احمد الطیب ، سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ ، وزیر اوقاف یمن قاضی احمد زبین، مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوقی علام اور پاکستان کے علماء و مشائخ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسد زکریا قاسمی ، پیر نقیب الرحمٰن ،ڈاکٹر قبلہ ایاز ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا پیر محفوظ مشہدی ، مولانا محمد خان لغاری، مولانا سید محمد یوسف شاہ نے عوام الناس کے نام اپنے پیغامات میں کہی ۔مذہبی قائدین نے کہا کہ کرونا ایک وبائی مرض ہے، جس سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اس وبائی مرض سے انسانیت کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ مختلف اسلامی ممالک کی حکومتوں نے جو احتیاطی تدابیر اور ہدایات دی ہیں وہ غیر شرعی، غیر اسلامی نہیںہیں۔ اسلام خود کو محفوظ رکھنے اور دوسروں کو محفوظ بنانے کا حکم دیتا ہے۔ ایک انسان کی جان کی حفاظت پوری انسانیت کی جان کی حفاظت کے مترادف ہے۔ طبی ماہرین کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں میں رہنا لازم قرار دے رہے ہیں۔ ایسے حالات میں انسانیت کو محفوظ رکھنے کے لیے علماء و مفتیان نے نمازوں اور مساجد کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا جو حکم دیا ہے اس پر عمل کرنا واجب ہے۔امام حرمین شریفین الشیخ عبدالرحمٰن السدیس ، قاضی القضا فلسطین محمود الحباش نے دعا کی ہے کہ اللہ کریم انسانیت کو اس وبا سے محفوظ کردےاور تمام انسانیت کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ عالم اسلام کے قائدین نے اپنے پیغام میں کہا کہ مشکل کے ان لمحات میں باہمی وحدت اور اتحاد سے اس وبا ء کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ اسلام سلامتی ، امن ، محبت ، رواداری کا دین ہے اور توکل علی اللہ کے ساتھ ساتھ تدابیر اور حکمت کا درس دیتا ہے ، رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور خلفا ء راشدین کے عمل سے ہمیں رہنمائی لینی چاہیے ، جس طرح اللہ کے نبی ﷺ نے مجذوم (کوڑھ) کے مریض سے دور رہیں اور طاعون کے مقام میں نہ داخل ہونے اور نہ ہی نکلنے کا حکم دیا ہے وہ ہمارے لیے صراط مستقیم ہے ۔ دریں اثناء پاکستان علماء کونسل اور ملک کی دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں نے عوام الناس سے لاک ڈائون کرنے کے سلسلہ میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close