مہاتیر محمد کی ملائیشیا میں دوبارہ حکومت بنے گی یا نہیں؟ اتحادیوں کیساتھ معاملات طے پا گئے

کوالالمپور(پی این آئی ) اتحادیوں کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد مہاتیر محمد وزیراعظم بننے کو تیار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم مہاتیر محمد نے بطور وزیراعظم استعفیٰ دے دیا تھا اور کہا تھا کہ بھاری اکثریت سے حکومت بناوٴ ں گا ۔ تاہم چند ہی روز بعد مہاتیر محمد کے اتحادیوں سے معاملات طے پا

گئے ہیں۔مہاتیر محمد نے ایک بار پھر ملائیشین وزیراعظم بننے کی حامی بھر لی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی انصاف پارٹی اور انور ابراہیم نے مہاتیر محمد کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سازی کے حوالے سے مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ پر اعتماد ہوں، بھاری اکثریت میں حکومت بنانے کے لئے مطلوبہ تعداد موجود ہے۔ یاد رہے اس سے قبل مہاتیر محمد نے استعفیٰ دینے کے بعد قوم سے معافی مانگ لی تھی ۔ملائشیاء کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے اپنا استعفیٰ دینے کے بعد ٹی وی پر خطاب کیا اور کہا کہ میرے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں جو سیاسی بحران پیدا ہوا ہے اس پر عوام سے معافی چاہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں دوبارہ وزیراعظم بننے کے لیے تیار ہوں لیکن کسی بھی سیاسی اتحادی کے بغیر حکومت کو بنایا جائیگا۔ دوسری جانب ملائیشین رہنماء انور ابراہیم نے دعویٰ کیا کہ حکمران اتحاد کی 3 سیاسی جماعتوں نے انہیں اپنا وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔واضع رہے کہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے 24 فروری کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ، جس کے بعد انہوں نے بطور نگران وزیراعظم کے عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ا س سے قبل مہاتیر محمد نے اعلان کیا تھا کہ وہ نومبر 2020 میں مستعفی ہو جائیں گے۔ یہ بات بھی قابل غور رہے مہاتیر محمد کی ہراپان جماعت پارٹی2018 میں برسر اقتدار آئی تھی، جس کے بعد انہوں نے انور ابراہیم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ انہیں سونپیں گے۔تاہم کسی قسم کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمایت حاصل ہوئی تو دوبارہ حکومت بنا لیں گے۔ لیکن اب مہاتیر محمد کو تمام اتحادیوں کی حمایت حاصل ہو چکی ہے جس پرانہوں نے دوبارہ وزیراعظم بننے کا اعلان کردیا ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close