ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
5 اپریل تک خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں، میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے اثر کے باعث اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان شامل ہیں۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں جیسے مری، راولپنڈی، اٹک، گوجر خان، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح ناروال، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، بورے والا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، جامشورو، دادو، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹنڈو الہ یار اور ٹنڈو محمد خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، استور، دیامر، خرمنگ، شگر، غذر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میرپور، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں، جن میں کوئٹہ، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، بارکھان، سبی، نوشکی، خضدار، آواران، واشک، پنجگور، تربت، گوادر اور لسبیلہ شامل ہیں، میں بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، جبکہ عوام کو این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” کے ذریعے بروقت معلومات حاصل کرنے کا کہا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






