پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 8 سے 10 فروری کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ 9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں گھنے بادلوں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گھنے بادلوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق خراب موسم کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ مری میں موجود سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ مری میں متوقع برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ ڈرائیورز کو تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز اور دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






