محکمہ موسمیات کی بارش سے متعلق اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔

محکمہ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔ اسلام آباد، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادارے نے اسموگ میں اضافے سے متعلق بھی خبردار کیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، کوہستان اور سوات میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں سرد رہا۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے، خشک موسم اس کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ہے۔ مشرقی پنجاب کے اضلاع میں اسموگ کی موٹی تہہ چھائی رہنے کا امکان ہے، جبکہ بڑے شہروں میں فضا مزید آلودہ ہوسکتی ہے۔ بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کو اسموگ سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اور آلودہ فضا کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے حادثات میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close