خبردار!!!شدید بارشوں کا الرٹ جاری

ملک بھر میں حالیہ شدید بارشوں کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، گھانچے اور شگر میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور بھی ممکنہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، مانسہرہ اور گلیات میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور نوشہرہ میں تیز بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور الرٹ رہیں۔

شہریوں کے لیے جاری کردہ احتیاطی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ یا خطرے کے شکار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے ہر صورت اجتناب کریں۔

این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی ہنگامی حالت میں ریسکیو ادارے فوری کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close