ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، کون کون سے شہر جل تھل ہوں گے؟

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آج اسلام آباد، پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں بھی شام یا رات کے وقت سکھر، گھوٹکی، خیرپور، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص اور سانگھڑ میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسکردو میں ممکنہ گلیشئر پھٹنے سے متعلق الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب اور لورالائی میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close