لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے امکانات موجود ہیں، جس کے پیش نظر کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
بارش کی یہ لہر لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، اور ساہیوال سمیت کئی اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی بہاءالدین میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جبکہ مری اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں