کہاں کہاں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کردی

لاہور (پی این آئی) بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 24 سے 29 اپریل تک بارشوں کی پیشن گوئی کر دی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق اپریل کے ماہ کا اختتام قریب آنے کے باوجود ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت کم رہنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوا ہے جس کی وجہ سے موسم گرم ہونے کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 24سے 29اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ خیبرپختونخواہ میں 25سے 29اپریل کے دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی بھی توقع ہے، اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں 24 سے 27 اپریل کے دوران مختلف حصوں میں بارش متوقع ہے۔

 

 

کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں 25اور 26 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے، 26سے 29 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختوا، کشمیر، مری، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 24، سیدو شریف 16، کاکول 11، بالاکوٹ 2، منڈی بہائوالدین12، لیہ 10، جہلم 8، مری6، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، منگلا ایک، راولاکوٹ 7 ، گھڑی دوپٹہ 2 اور مظفرآباد ائیرپورٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 42 ،پڈ عیدن اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close