جاتی سردی لوٹ آگئی، کئی علاقوں میں برفباری

چترال (پی این آئی) گرمیوں میں سردی والا موسم، کئی علاقوں میں برفباری سے سردی واپس آ گئی، پاراچنار، وادی لیپا، چترال اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں کئی روز بعد دوبارہ برفباری کا آغاز، کئی علاقوں میں بارش سے بھی موسم سرد ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق مارچ کے ماہ کا تیسرا عشرہ شروع ہو جانے پر جہاں ملک کے میدانی علاقوں میں موسم قدرے گرم ہو گیا ہے، وہیں کئی شمالی علاقوں میں سردی لوٹ آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاراچنار، وادی لیپا، چترال، گلگت بلتستان کئی علاقوں اور چترال سمیت دیگر کئی علاقوں میں کئی روز کے وقفے کے بعد دوبارہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کاامکان ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

 

 

 

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگر کئی شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور،فیصل آباد ،بھکر،لیہ اورسرگودھا سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔گزشتہ روز ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چھور41،مٹھی39، لسبیلہ، ٹنڈو جام اورشہید بینظیر آباد میں 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close