پشاور(پی این آئی )محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔
حکام کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں 27سے لے کر 31جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج سے گلگت بلتستان کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔27سے 31جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔28اور 29جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔چارسدہ، مردان،نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، وزیرستان،کوہاٹ اوربنوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، 30اور 31جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات، ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے۔برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پنجاب،خیبر پختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں