لاہور (پی این آئی) مری، گلیات سمیت متعدد سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشن گوئی، مری، گلیات، ناران، گلگت بلتستان اور دیگر سیاحتی و پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث سفری مشکلات پیش آنے کا خدشہ،سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کل بروز ہفتہ 27جنوری سے ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جو 27سے لے کر 31جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ سے گلگت بلتستان کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ 27سے 31جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ 28اور 29جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وفقے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے ، 30اور 31جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات، ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پنجاب ،خیبر پختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں