بارشیں شروع ہو گئیں، محکمہ موسمیات کی ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی

اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتے کے روز ملک کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعہ کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا، بالائی اور جنوبی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ خاطر خواہ بارش نہ ہونے سے سموگ کا زور نہیں ٹوٹے گا، آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔جمعہ کے روزموسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ جبکہ چترال،سوات،دیر،شانگلہ ،بٹگرام ،کوہستان ،مالاکنڈ،ایبٹ آباد ،مانسہرہ اور ہری پورمیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف باری کا امکان ہے۔صبح اور رات کے اوقات میں مردان، صوابی، چارسدہ نوشہرہ ،پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سردرہے گا، جبکہ مری، گلیات اور خطۂ پوٹھوہار میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف باری کا امکان ہے۔ بہا ولپور ، ساہیوال ، سرگودھا، لاہور ، گوجرانوالہ، نارووال ،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،خانیوال ،ملتان ، خان پور،رحیم یار خان ، سیالکوٹ ، حافظ آباد ، گجرات، منڈی بہاؤالدین ، جہلم ،بھکر ،لیہ ،ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار میں بعض مقامات پرکہرا پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، تاہم شام/رات کے اوقات میں کوئٹہ، ژوب، چمن اورپشین میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔اس کےعلاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

close