ملک بھر میں بارشیں، ایک اور اسپیل کی بھی پیشگوئی

اسلام آباد (پی این آئی)ملک کے مختلف شہرو ں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔ جڑانوالہ میں بارش سے گلیوں اور ندی نالوں میں پانی جمع ہو گیا، لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی،جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 132 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن راوی میں 128ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ قرطبہ چوک 120اور گلبرگ میں 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہورکے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی،جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے اگلے 2روزتک وقفے وقفے سے بارش کاامکان ظاہر کیا ہے۔ اسلام آباد،راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، مریدکے،کامونکی،سرگودھا،بھکر میں بھی بارش ہوئی، سدھنوتی، پلندری سمیت گردونواح میں موسلادھار بارش ریکارڈکی گئی، بالائی علاقوں میں بارشوں سے سردی شروع ہو گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک میں ابھی بارشوں کا ایک اور اسپیل آنا باقی ہے جس کے بعد سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے سردی کے باقاعدہ آغاز میں ابھی بارشوں کا ایک اور اسپیل آنا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 24ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، لسبیلہ،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد میں بھی بارش ہوگی، نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے اور آندھی سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کے باعث سجاول، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت بعض نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

close