اسلام آباد (پی این آئی) ملک کے بیشتر علاقوں میں جان لیوا اور جھلسا دینے والی ہوا چلنے لگی، این ڈی ایم اے نے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا، شہریوں کو دن کے گرم ترین اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کی تلقین۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے ملک میں گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا،موسم گرما کی جھلسا دینے والی ہوا کی لہر احتیاط نہ کرنے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے جبکہ شدید گرمی کی لہر برفانی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے کا باعث بھی بن سکتی ہے، گلوف کے خدشے سے دوچار علاقے کے مکین باخبر و محتاط رہیں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیاکہ گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے سادہ پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے اور کاربونیٹڈ مشروبات سے پرہیز کیا جائے۔شہری دن کے گرم ترین اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر ضروری ہو تو تیز دھوپ میں سر ڈھانپ کر باہر نکلیں،اس صورتحال میں بیماروں، بزرگوں اور بچوں کے علاوہ پالتو جانوروں کا خاص خیال رکھا جائے۔شدید گرمی کے اثرات سے بچائو کے لئے نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے لیموں پانی اور او آر ایس کا استعمال کیا جائے اور ہلکے اور نرم کپڑے پہنے جائیں۔ گرمی میں اگر کوئی بیہوش ہو جائے تو سر پر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے،مزید برآں این ڈی ایم اے نے شدید گرمی کی لہر کے باعث برفانی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے کا بھی امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں۔
برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے سے سیلابی صورتحال(گلوف) کے خدشے سے دوچار علاقے کے مکینوں کو باخبر و محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی ہدایات میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ سیاح اس دوران ممکنہ گلوف والے علاقے میں سفر اور رہائش سے گریز کریں۔ بروقت حفاظتی انتظامات گلیشئر کے پگھلنے سے ہونے والے نقصانات سے بچائو میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں