موسلا دھار بارشیں پھر شروع ہوگئیں، گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے خوشخبری

لاہور (پی این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، لکشمی چوک میں 3، مغلپورہ میں 5، تاجپورہ میں 1، پانی والا تالاب میں 5 اور فرخ آباد میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلشن راوی، ریلوے سٹیشن، کینال روڈ اور دھرم پورہ میں بھی تیز بارش ہوئی۔ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو اور ملحقہ علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات ملیں، مریدکے اور گرد و نواح میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوسری طرف طوفانی بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، ترجمان لیسکو نے کہا ہے کہ فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موسم کی خرابی کے پیش نظر انتظامیہ کی شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے، شہری بجلی تنصیبات سے دور رہیں، بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کر کے عملے کے آنے کا انتظار کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے رابطہ کریں۔دوسری جانب جنوبی پنجاب میں ملتان ، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس کی وجہ سے آم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں