بارش اور برفباری، بیشتر شہروں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا

کوئٹہ(پی این آئی)بارش اور برفباری کے بعد وادی کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا ہے۔ صوبے میں یخ بستہ موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ٹینکیوں اور نلکوں کا پانی بھی جم گیا ہے، گیس پریشر کی کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں ، گلیوں اور گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے، دوسری جانب کوئٹہ شہرمیں گیس پریشر کم اور کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے، قلات اور زیارت میں بھی گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت اس سے بھی کم محسوس کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close