کراچی، کوئٹہ، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں سردی کی شدید لہر، درجہ حرارت کہاں تک گر گیا؟

کوئٹہ (پی این آئی) شدید سردی کے باعث کوئٹہ شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم گیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شہر بھر میں گیس پریشر کم ہے، کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع زیارت، قلات، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ میں بھی سردی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ قلات اور زیارت میں گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ اور شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صبح سویرے درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے،

شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 24 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت گرنے سے شہریوں کو ایک بار پھر جاڑے کا مزہ آ گیا ہے۔ سردی بڑھتے ہی شہر میں گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، تقریباً 40 فیصد علاقوں میں کھانے کے اوقات میں بھی گیس غائب ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جانب وادی کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑنے کی وجہ سے کاغان سے آگے کے علاقوں میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفانی تودے گرنے سے لوات بالا، سب ڈویژن شاردہ کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں