تباہ کن بارشیں، کتنی جانیں چلی گئیں؟ سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی

کوئٹہ (پی این آئی) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیر کی شام شروع ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا، شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی اور مختلف حادثات میں کم از کم چھ افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی اور پانچ لاپتا ہوگئے۔پیر کی شام کوئٹہ میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ، شہر کے مختلف نالے ابل پڑے اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔

 

کوئٹہ کے مشرقی پہاڑی علاقے سے آنے والے تیز سیلابی ریلے سےمشرقی بائی پاس، سریاب مل، کسٹم، گاہی خان اور کلی غلام رسول کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔ ان علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق سریاب مل میں ایک خستہ دیوار جھونپڑی میں رہنے والوں پر گر گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ مشرقی بائی پاس پر ڈیم کے قریب سیلابی ریلے میں دو کمسن بچیاں بہہ گئیں۔ سیلابی ریلا مشرقی بائی پاس پر واقع بکرا منڈی میں بھی داخل ہوا اور سات مویشیوں کو بہا کر لے گیا۔ پروانشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 13 بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

close