طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کا خطرہ، کون کونسے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا؟

لاہور (پی این آئی) لاہور میں طوفانی بارشوں کے بعد دریائے راوی میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری کر دیا گیا، مغربی ہوائوں پر مشتمل بارشیں برسانے والا سسٹم ابھی تک صوبائی دارالحکومت میں موجود، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے دریائے راوی میں سیلاب کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے باقاعدہ دریائے راوی میں سیلاب کے خدشات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے الرٹ جاری کردیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں پر مشتمل بارشیں برسانے والا سسٹم ابھی تک شہر میں موجود ہے۔جو شہر میں موسلادھار بارش کا باعث بنے گا تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے بعد شہر کا مطلع صاف ہو جائے گا۔جس کے بعد شہر میں باقاعدہ مون سون کا آغاز ہوگا۔ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے بعد واسا انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں