2010جیسا سیلاب آنے کا خدشہ، تمام بڑے شہروں میں الرٹ جاری، واضح خطرے سے متعلق خبردار کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں 2010 والے سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں سیلاب کے واضح خطرے سے متعلق خبردار کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان میں کم از کم اگست 2022 تک مون سون کی بارشیں ہوں گی۔

 

اس عرصے کے دوران پنجاب اور سندھ میں بارش معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے، مون سون کے آغاز نے پہلے ہی ہندوستان اور بنگلہ دیش میں ہنگامی صورتحال پیدا کی ہے تاہم رواں موسم برسات میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کا مجموعی رجحان رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی طور پر، اس دوران، ہمالیہ کے دامن، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اور پنجاب کے علاقے کے وسطی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے تاہم دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی بہت زیادہ امکان ہے اس لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ شہری علاقوں کو بھی ممکنہ طور پر طوفانی بارشوں کے خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا،کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں شہری سیلاب کا واضح خطرہ ہے۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ برسات کے موسم میں احتیاط برتیں جبکہ کچھ پیشین گوئیاں یہ بھی ہیں کہ پاکستان کو دوہزار دس والی سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے صوبائی حکومتوں کو فضلہ جمع کرنے، صفائی ستھرائی اور طوفانی نالوں کے انتظام کے بارے میں بروقت ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کئی مقامات پر سیلاب کی پیشگی وارننگ دی گئی ہے۔

 

سیلاب سے نمٹنے کیلئے عملے اور وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ضلع وار ہنگامی منصوبہ بندی کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں شہریوں کو بھی حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے جیسے کہ عوام گیلے بجلی کے سوئچ سے دور رہیں، اور بل بورڈز، کھمبوں اور بجلی کی تاروں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے گلگت بلتستان اور کے پی کے حکام کو گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے جی ایل او ایف حساسیت کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ اپر چترال جی ایل او ایف واقعہ جو ہفتے کے آخر میں پیش آیا تھا تمام حکام اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت وارننگ کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close