خیبرپختونخوا کے کن اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کی پیشنگوئی کر دی گئی؟

پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا میں رواں ہفتے بالخصوص جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے مطابق اتوار کے روز سے درجہ حرارت میں 7سے9ڈگری سنٹی گریڈ تک کے اضافے کا امکان ہے۔ گرمی اور خشک موسمی حالات کی وجہ سے ہیٹ سٹروک کا خطرہ ہے جبکہ صوبے کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے میں اضافے کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کسان فصلوں کیلئے پانی کا مناسب انتظام کریں جبکہ عوام سورج کی روشنی میں باہر نکلنے سے پہلے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے سٹروک مینجمنٹ یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ریسکیو 1122کی ٹیمیں بھی صورتحال سے نمٹنے اور لوگوں کو امداد فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کی جانب سے کسانوں اور مویشی مالکان کو گرمی کی شدت اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے شہر کے نمایاں مقامات پر پینے کے پانی کی دستیابی اور عوامی مقامات اور سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزید برآں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت والے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے قبل احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں، پینے کے پانی کا استعمال زیادہ کریں، ہونٹوں اور آنکھوں کو نم رکھنے کی کوشش کریں، کھانے میں گوشت کا استعمال کم جبکہ پھل اور سبزیاں زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کی شدت سے بہتر طور نمٹا جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں