سارے ریکارڈ توڑ ڈالے، اتنی بارشیں کہ شہری دھوپ کو ترسنے لگے، محکمہ موسمیات نے رپورٹ جاری کر دی

لاہور (پی این آئی) جنوری 2022 میں زیادہ بارشوں کا 32 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، زیادہ بارشوں کی وجہ سے گزشتہ 62 برسوں کے مقابلے میں جنوری 2022 دوسرا بھیگا ترین مہینہ ثابت ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سال 2022 کا پہلا مہینہ جنوری بارشوں کے حوالے سے تاریخی ثابت ہوا۔

اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق جنوری 2022 میں ملک بھر میں زیادہ بارشوں 32 سالوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، یعنی گزشتہ 32 برسوں کے دوران کسی بھی سال جنوری کے ماہ میں جنوری 2022 سے زیادہ بارشیں نہیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ماحول پر ڈیٹا اکھٹا کرنے والے سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینے میں مسلسل بارشوں کے 3 سلسلوں نے ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا، بارشوں کے یہ سلسلے معمول سے بہت زیادہ تھے۔جنوری 2022 کے دوران ملک میں صرف بارشیں ہی نہیں، بلکہ غیر معمولی برفباری بھی ہوئی۔ ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے جنوری 2022 گزشتہ 62 برسوں کے دوران دوسرا بھیگا ترین جنوری قرار پایا۔رپورٹ میں جاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2022 کے دوران سب سے زیادہ پنجاب میں غیر معمولی بارشیں ریکارڈ کی گئیں، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ ماہ میں 257.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ آزاد کشمیر میں 88.6 فیصد، گلگت بلتستان میں 152، بلوچستان میں 166، خیبرپختونخوا میں 120.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 62 برسوں کے دوران جنوری کے ماہ میں ملک بھر میں سب سے زیادہ بارش 55.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 1990 کے جنوری میں ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ جنوری 2022 میں ملک بھر میں بارش کی مقدار 52.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو کہ ماہانہ اوسط بارش کی مقدار 18.9 ملی میٹر بنتی ہے۔ اس حساب سے گزشتہ ماہ 177 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2022 میں غیر معمولی بارشوں کے باوجود پورے ماہ کے دوران درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔ جنوری میں ہی سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 جنوری کو مٹھی میں 32.5 رہا جبکہ مہینے کا سب سے کم درجہ حرارت 12 جنوری کو کالام میں منفی 13.5 ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close