ریکارڈتوڑ برفباری کے بعد الرٹ جاری، کسی بھی وقت کیا ہو سکتا ہے؟ خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں

مری (پی این آئی ) مری میں برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم، سیاحوں کو اپنی گاڑیوں کے ٹائرز میں ہوا کم رکھنے، چین استعمال کرنے کی تلقین۔ تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شام5 سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔

چیف ٹریفک افسر کے مطابق مری میں مجموعی طور پرسیاحوں کی 1355گاڑیاں موجود ہیں، سیاحوں کی 8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ اتوار کو بھی مری، گلیات، ناران،کاغان، ہنزہ میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔اس صورتحال میں تلقین کی گئی ہے کہ مری جانے والے سیاح محتاط رہیں، برفباری کے دوران پھسلن سے بچنے کیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں اور ٹائرز پر چین کا استعمال کریں۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے برفباری اوربارشوں کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری اور رابطوں سڑکوں سے فوری طور پر برف ہٹانے کا بندوبست کیا جائے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ مری میں سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہونی چاہیئے اور مری میں گاڑیوں کی مقررہ تعداد سے زیادہ آمد پر پابندی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے واضح کیا کہ عوام کی جان کا تحفظ ہر لحاظ سے مقدم ہے، غفلت قطعا برداشت نہیں کروں گا۔ انتظامی افسران دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں حالات پر نظر رکھیں۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بارش کے پیش نظر پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔واسا کے افسران فیلڈ میں جا کر ٹیموں کی خود نگرانی کریں اور عوام کی سہولت کے پیش نظر کم از کم وقت میں شہر کی سڑکوں، بازاروں اور نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی متحرک نظر آنا چاہیئے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close