ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ، برفباری کے باعث کئی زمینی رابطے منقطع ، گاڑیاں پھنس گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ، برف باری کے باعث کئی زمینی رابطے منقطع ہوگئے جس کے باعث گاڑیاں پھنس گئیں ، سردی کی شدت بڑھنے کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی جس کی وجہ سے لکڑیوں اور ایل پی جی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر نے لگیں ۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات سامنا رہا دوسری جانب سیاحوں نے مری ، گلگت اور سوات اور مالم جبہ کا رخ کرلیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔گزشتہ رات مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کی سمت سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، مستونگ، ڑوب، کوہلو، قلعہ

عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، خانوزئی اور قلات میں ہلکی برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلیں ،وادی زیارت میں سیاح خوب لطف اندوز ہوئے، خو ب ہلہ گلہ کیا، برف باری سے پہلے ہی زیارت میں سیاحوں کا رش لگ گیا تھا۔قائدِ اعظم کے یومِ پیدائش اور برف باری کے لیے سیاح پہلے ہی بڑی تعداد میں زیارت پہنچے تھے، جن کے لیے سرکاری ریسٹ ہائوس کھول دیے گئے۔کوئٹہ میں گزشتہ رات بارش کے بعد سے شہر کے مختلف وسطی

اور نواحی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، بجلی کی معطلی کا سلسلہ گزشتہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات پیش آئیں،ترجمان کیسکو کے مطابق شہر اور نواحی علاقوں میں 19 فیڈرز فنی خرابی کے باعث بند ہوئے، متاثرہ فیڈرز سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ادھر خیبر پختون خوا کے علاقے سوات اور مالم جبہ میں بھی برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ہے ،لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اور

موسم سرد رہا،چشتیاں، سرائے مغل، گگومنڈی، فقیر والی، بورے والا ، بہاولنگر، سانگلہ ہل، پاکپتن میں صبح کے وقت بوندا باندی ہوئی اسی طرح لودھراں، کبیر والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ،دھند کے باعث موٹروے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک بند کردیا گیا موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ اور

موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے گوجرہ تک بند رہا۔دھند اور حد نگاہ میں کمی کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کردی گئی ۔کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، پانچ جنوری تک درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے جاسکتا ہے۔ادھر ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہلکی بارش کے بعد شہر کی فضا صاف ہو گئی۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہرِ قائد میں آلودگی کی مقدار

67 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، جو شہر کی فضا میں بہتری ظاہر کرتی ہے۔کراچی میں ناگن چورنگی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے ادھر دنیا بھر میں آلودہ شہروں میں ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور پہلے نمبر پر موجود رہا جہاں کی فضا میں آلودگی 414 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوئی۔فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی 400 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا۔یئر کوالٹی انڈیکس کی پاکستان کے

حوالے سے کی گئی درجہ بندی کے مطابق صنعتی شہر فیصل آباد 481 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پر اور صوبہ سندھ کا شہر میر پور خاص 436 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے، لاہور تیسرے اور کراچی دسویں نمبر پر رہا۔ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہے ،301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں برف باری اور بارش لانے والا یہی سسٹم کراچی میں بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاک ایران اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مسلم باغ، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی میں بھی بارش کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ دوسری جانب چمن میں بھی گہرے بادل چھا گئے اور یخ بستہ ہوائوں نے موسم سرد کردیا۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close