مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل، تین دن تک مسلسل بارشیں جاری رہنے کی پیشنگوئی

لاہور ( پی این آئی ) مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ 3 روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے گرمی سے مارے افراد کے لیے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سنا دی ہے کہ مغرب کی جانب سے کم ہواؤں کے بادلوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا ہے۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کا زور ٹوٹے گا اور درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہوگا۔ بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ تین روز تک جاری رہنےکا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں بوندا باندی کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر فار ہیٹ ویو کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ جمعہ کو شہر میں صبح کے وقت بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ جون کا اختتام سخت گرمی کے ساتھ ہوگا۔ لاہور شہر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جون کے اختتام تک شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور بارش ہونے سے شہر کا موسم متعدل رہا اور کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔تاہم اب جون کے وسط میں بارشوں کا نیا سسٹم صوبے میں داخل ہونے تک لاہور کا درجہ حرارت دوبارہ سے بڑھ جائے گا۔ سخت گرمی کی صورت میں شہریوں کو دن کے وقت نقل و حرکت محدود کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ جون کے ماہ میں ملک کے کئی علاقوں خاص کر میدانی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close