اجتماعی استعفے نہ دیے تو ۔۔۔مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن جماعتو ں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

ملتان (پی این آئی) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کا واحد آپشن استعفے ہیں، اجتماعی استعفے نہ دیے تو حکومت طویل عرصہ چلے گی،پی ڈی ایم سے الگ ہونے والی جماعتیں تحریک انصاف کے ساتھ بریکٹ ہوگئیں، پیپلزپارٹی کیلئے پی ڈی ایم کے راستے بند نہیں ہیں۔انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کیخلاف متحد تھی اس میں رخنہ ڈال کر کس کو فائدہ ہوا؟ شہبازشریف کے باہر آنے سے مریم نواز کے پیچھے چلے جانے کے حوالے سے سوال پرکہا کہ مریم نواز یا شہبازشریف ہوں دونوں ایک ہی پارٹی سے تعلق ہیں اور یہ ان کی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، شہباز شریف پارٹی صدر ہیں، نوازشریف پارٹی قائد ہیں، ہمیں تو پارٹی سے مطلب ہے ہمیں پارٹی کے افراد سے کوئی سروکار نہیں ہے، ہمیں ساتھ پارٹی جس طرح چلے گی ہم بھی اسی کے مطابق چلیں گے لہذا یہ قیاس آرائی کرنا کہ فلاں شخص یہ کررہا ہے اور فلاں شخص وہ کہہ رہا ہے تو اس بارے میں سوچنا ہمارے لئے خلاف آدا ب ہے۔شہبازشریف ہوں یا مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے سب رہنما ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں جارہے ہیں اور کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن 4 جولائی کو سوات میں بہت بڑا جلسہ ہو گا اور تاریخی اجتماع ہو گا، 29 جولائی کو کراچی ،اس کے بعد 14 اگست کو اسلام آباد میں ایک بڑا جلسہ ہو گا ،پی ڈی ایم عوام کے اندر اپنا موقف پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے جب عوام میں اعتماد آتا ہے تو پھر اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں اگر ہم اجتماعی طورپر استعفے نہیں دیتے تو یہ حکومت اپنی مدت بڑھاتی جائے گی اورمیرے خیال میں استعفوں سے بھاگ جانا موجودہ حکومت کو مزید وقت دینے کے مترادف ہے۔

close