اسلام آباد(پی این آئی)آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی اور وسطی/ جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران گلگت بلتستان ،کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، ژوب اور بگروٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔دوسری جانب بھارت کے مغربی ساحل پر آنے والے طاقتور طوفان ‘تاؤتے’ کے چند روز بعد مشرقی ساحل کو خلیج بنگال میں بننے والے شدید طوفان کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا سائیکلون ‘یاس’ کے بدھ کے روز ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے اس دوران 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔محکمے کا مزید کہنا تھا کہ طوفان کے مغربی بنگال کی مشرقی ریاستوں اور اوڈیشا سے ٹکرانے کی پیش گوئی ہے۔مذکورہ اعلان کے بعد ساحلی علاقوں کو خالی کروایا جارہا ہے جبکہ بحالی اور امدادی کارروائیوں کے پیشِ نظر دو ریاستوں میں ڈیزاسٹر ریلیف ٹیمز تعینات کردی گئی ہیں۔ یہ طوفان بھارت سمیت پاکستان میں وقت سے پہلے مون سون کا باعث بنے گا، بحرہ اوقیانوس میں لالینا ایکٹو ہونے سے مون سون کی بارشوں کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے، مون سون کی بارشیں پاکستان میں طویل ہو کر اکتوبر کے پہلے دوسرے ہفتے تک جاری رہ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی فضائیہ اور بحریہ نے کہا کہ انہوں نے ریلیف ورک کے لیے کچھ ہیلی کاپٹر اور بحری جہاز مختص کردیے ہیں۔سائیکلون یاس 10 روز کے اندر بھارت سے ٹکرانے والا دوسرا طوفان ہے اس سے قبل سائیکلون تاؤتے کے نتیجے میں مشرقی ریاستوں میں کم از کم 140 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں سے 70 افراد ایک بحری جہاز کے ممبئی کے ساحل پر ڈوبنے سے ہلاک ہوئے تھے جس کا لنگر طوفان کے باعث ضائع ہوگیا تھا۔بھارت کو ایسے وقت میں بڑے طوفانوں کا سامنا ہے کہ جب وہ کورونا وائرس کے تباہ کن پھیلاؤ سے نبرد آزما ہے جس سے ان دونوں معاملات سے نمٹنے کے لیے اس کی کوششیں مزید مشکل ہوگئی ہیں۔دریں اثنا بھارت کے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں حکام نے طوفان یاس کے پیش نظر خلیج بنگال کے شمال اور گہرے سمندر میں موجود مچھلی کا شکار کرنے والی تمام کشتیوں اور ٹرالر کو ساحل کے نزدیک آنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ڈھاکہ میں موجودہ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جہازوں کو چٹاگانگ، مونگلا، کاکس بازار اور پیرا کی میری ٹائم بندگاہیں چھوڑ دینی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں