مارچ کے مہینے میں کہاں اور کتنی بارشیں متوقع ہیں؟ رواں ماہ دوطوفان بھی متاثر کریں گے، ماہانہ پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی بڑی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق مارچ 2021 کی ملک بھر کی ماہانہ پیشگوئی: معمول سے کم بارش اور برفباری، معمول سے زیادہ درجہ حرارت متوقع۔ گرد کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ ژالہ باری کا امکان۔اس ماہ مغربی ہواؤں کے 4 سے 6 سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں۔

ابرالودگی پاکستان بھر میں اس ماہ معمول سے کم رہیگی۔ ہواؤں کی رفتار معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔بارشیں اور برفباری مجموی طور پر ملک بھر میں معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ ملک میں کہیں بھی معمول سے زیادہ بارش یا برفباری کا امکان نہیں۔بارش کے اوقات:مارچ کے پہلے ہفتے میں موسم زیادہ تر خشک رہیگا۔مہینے کے وسط میں پاکستان کے شمالی اور مغربی حصّوں میں اچھی بارش ہو سکتی ہے۔مارچ کا تیسرا ہفتہ ملک کے زیادہ تر جنوبی علاقوں میں خشک گزرتا نظر آ رہا ہے۔ بارش اور برفباری شمال کے بلند مقامات تک محدود رہنے کی توقع ہے۔تیسرے ہفتے کے آخر میں ملک کے شمالی اور مغربی حصّوں میں مزید اچھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور بلوچستان میں برفباری معمول سے کم متوقع ہے۔ چنانچہ بلند مقامات پر درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ متوقع ہیں۔سابقہ فاٹا، مغربی خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے شمالی اور مغربی حصّوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ متوقع ہیں۔ تاہم بلوچستان کے جنوب مغربی اور انتہائی مغربی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے بلند مقامات پر درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ہمارے تجزیے کے مطابق موسمی سرگرمی رونما ہونے کی صورت میں گرج چمک کے طوفان، ژالہ باری، آسمانی بجلی گرنے اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی آندھیوں کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ باالخصوص ملک کے مغربی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور شدید ژالہ باری کا اندیشہ ہو سکتا

ہے۔ مارچ کے پہلے ہفتے میں موسم نسبتاً گرم رہنے کے باعث شمالی خیبر پختونخواہ، شمالی پنجاب اور جنوبی آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں کم از کم 2 گرد کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولن کی مقدار: اس وقت ہوا میں پولن کی مقدار بہت زیادہ ہے اور رواں ہفتے کے اختتام تک انتہائی زیادہ ہو سکتی ہے۔ 10 سے 20 مارچ کے درمیان پولن کی مقدار اپنے عروج پر ہوگی، جس میں مارچ کے تیسرے ہفتے سے کمی کا امکان ہے۔ ہوا کر معیار کی پیشگوئی: اچھی ہوائیں چلنے کے باعث ہوا کے معیار میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔ دیہی پنجاب اور خطّہٰ پوٹھوہار بشمول جڑواں شہروں میں اوسطاً ہوا کا معیار 80 سے 100 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں 100 سے 120 جبکہ لاہور میں 120 سے 150 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close