اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ اس وقت شمالی افغانستان سے تیزی سے گزر رہا ہے۔ اس وقت ملک کے جنوبی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ رات پنجاب کے 90 فیصد علاقوں، مشرقی خیبر پختونخواہ بشمول ڈی آئی خان، لکّی
مروت، کوہاٹ اور ہزارہ کے علاقوں، کشمیر کے جنوبی حصّوں اور شمالی سندھ بشمول سکّھر میں دھند کی پیشنگوئی کی گئی تھی، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ 50 سے 100 میٹر رہ جائیگی۔ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں بشمول سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت میں مزید 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔منگل کی صبح تک راتیں انتہائی سرد اور درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں بھی اگلے 48 گھنٹوں میں درجہ حرارت میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔مغربی بلوچستان میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے جبکہ ساتھ ہوائیں ہونگی۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مالا کنڈ ڈویژن میں برف باری، سردی بڑھ گئی رابطہ سڑکیں بند، کئی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع، لوگ گھروں میں محدود
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ، رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث کئی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع ،لوگ گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے ۔تفصیلات کے مطابق سیاحتی مقام شوگران میں 3 فٹ، کاغان ویلی میں 4، ناران میں 5 فٹ، سرن ویلی میں ایک فٹ تک برف باری ہوچکی ہے، برف باری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بندہوگئیں، گلیات کے مختلف مقامات پر 8 انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے برف باری سے سڑکیں متاثر ہوئیں۔گلگت
بلتستان میں استور، گاہ کوچ، ہنزہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید برفباری سے لوگ گھروں تک محصور ہوگئے ، رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں اور لکڑی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ، بابو سرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، نانگاہ پربت، فیری میڈو میں بھی برفباری ہوتی رہی ،مری میں اب تک 10 انچ تک برف پڑچکی ہے،برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلیے سیاح مری کا رخ کر نے لگے ادھر سوات، مالم جبہ میں بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں، مظفرآباد، باغ، پونچھ، سدھنوتی اور حویلی میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے،وادی لیپہ، وادی گری، اٹھمقام، چکوٹھی، چناری اور ہٹیاں بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں