ملک بھر میں وقفے وقفے سے برفباری اور بارشوں کا سلسہ جاری، شدید برفباری سے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند، عوام کو مشکلات کا سامنا

اسلام آباد(پی این آئی)ملک بھر میں وقفے وقفے سے برفباری اور بارشوں کا سلسہ جاری، شدید برفباری سے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند، عوام کو مشکلات کا سامنا، محکمہ موسمیات، ملک میں کہیں بارش تو کہیں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بالائی علاقوں میں برف کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔

گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شدید برفباری سے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔سوات، کالام، مالم جبہ اور دیگر بالائی علاقوں میں تین روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔برفباری کے باعث کالام کے علاقے مٹل تان روڈ بند ہو نے سے بالائی علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگ رسیوں کی مدد سے گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مانسہرہ کے تفریحی مقامات شوگران میں 2 فٹ اور ناران میں 4 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، برفباری سے کاغان سے آگے شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہے۔شمالی بلوچستان میں چمن، موسیٰ خیل، پشین، مسلم باغ، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔اوتھل میں بارش اور بیلہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ملکہ کوہسار مری میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں موسم ابرآلود رہا تو کہیں بادل برسے۔

close