مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری،آئندہ دو روز میں کہاں کہاں شدید بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی؟ اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور (پی این آئی) لاہور میں مون سون کی مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشن گوئی، محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، رواں ہفتے کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلسل دوسرے روز بھی

موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔دوسرے روزبھی موسلادھاربارش ہونے سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کئی شاہراہوں پر بھی پانی کھڑاہو گیا ۔بارش اور نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے دفاتر جانے والے ملازمین اور تاجروں کو اپنے کاروبار پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔ بتایا گیا ہے کہ ایئر پورٹ ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو ،جی ٹی روڈ، ایک موریہ پل، حاجی کیمپ اور اچھرہ سمیت دیگر مقامات ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے۔انڈر پاسز اور دیگر شاہراہوں پر بارش کے کھڑے پانی میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا ۔ موسلا دھار بارش کے بعد لیسکو کا سسٹم بھی بیٹھ گیااور بیشتر علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔جبکہ رواں ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہے گی۔ تیز بارش کے بعد اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے الرٹ کیے جا چکے۔ اس سے قبل شدید بارشوں کا سلسلہ کراچی اور سندھ میں موجود تھا، جہاں 4 روز کے دوران طوفانی بارشیں ہوئیں۔ سندھ کے علاوہ بلوچستان میں بھی طوفانی بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close